بھارتی ریئلٹی شو ‘خطروں کے کھلاڑی سیزن 15’ میں خطرناک ٹاسک کے دوران کئی اداکار زخمی ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر انتظامیہ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی ریئلٹی شو ‘خطروں کے کھلاڑی سیزن 15’ میں خطرناک ٹاسک کے دوران کئی معروف اداکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے شو کے منتظمین اور حفاظتی انتظامات پر شدید تنقید کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ٹاسک میں گورو کھنہ، کرن واہی، وشال آدتیہ سنگھ اور شگون شرما شریک تھے۔ مقابلے کے دوران انہیں مخصوص مشینوں سے ربڑ پیلٹس کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ مقابلہ تب تک جاری رہا جب تک شرکا نے خود ہار نہ مان لی۔
شو کے میزبان روہت شیٹی نے بتایا کہ دونوں ٹیموں کے دو، دو شرکا ایلیمینیشن اسٹنٹ میں شامل تھے۔ اگرچہ اسپائن پروٹیکٹر فراہم کیے گئے تھے، لیکن چیلنج انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوا۔
گورو کھنہ اور شگون شرما نے مسلسل فائرنگ سے ناقابل برداشت درد کی وجہ سے ٹاسک ادھورا چھوڑ دیا۔ جاسمین بھسین نے شگون کو مشورہ دیا کہ زیادہ زخمی ہونے سے آئندہ ٹاسکس میں حصہ لینا مشکل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ متعدد صارفین نے شو کے پروڈیوسرز پر الزام عائد کیا کہ ریٹنگ کے لیے ایسے خطرناک مقابلے کروانا درست نہیں۔ بعض افراد نے اس اسٹنٹ کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے حفاظتی معیار پر سوالات اٹھائے۔















