پیٹرولیم قیمتوں کا روزانہ تعین، شفافیت میں اضافہ؛ اجلاس میں آئل سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پر بھی غور کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نئے نظام اور آئل سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پر غور کیا گیا۔
کمیٹی نے نئے پرائسنگ میکنزم کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کم ہوگا۔ اجلاس میں روزانہ قیمتوں کے تعین کے فارمولے پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر نے آئل سیکٹر میں اصلاحات کے لیے واضح اہداف اور ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کا ذمہ دار بنانے کی بھی تجویز دی۔
واضح رہے کہ اوگرا کی ویب سائٹ پر روزانہ پیٹرولیم قیمتوں اور متعلقہ ڈیٹا پر مشتمل ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے۔ اس سے صارفین کو بروقت معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
اجلاس میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر اور پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے قیام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ یہ اقدامات عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔















