وفاقی وزیر حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار 115 ارب روپے منافع کا اعلان کیا ہے، جس سے آئندہ مالی سال کے لیے 65 ارب روپے منافع کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار 115 ارب روپے کی آمدن کے ساتھ منافع حاصل کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے 65 ارب روپے منافع کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان ریلوے میں 80 پاور پلانٹ 23 مارچ تک شامل ہو جائیں گے۔ پرائیویٹائز کی گئی پانچ ٹرینوں سے تین ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا ہے جبکہ دیگر ٹرینوں کی نجکاری جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے پہلی بار فریٹ سیکٹر سے 41 ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔ دستیاب رولنگ سٹاک کو مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایم ایل ون، ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری منصوبے پاکستان ریلوے کے لیے اہم ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ایم ایل ون پر بات چیت جاری ہے اور جلد اس کا افتتاح متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے سکولز میں معیاری تعلیم اور ہسپتالوں کی نجکاری کے بعد ملازمین کے لیے 25 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حادثات میں کمی آئی ہے۔













