پنجاب کے دیہی علاقوں میں الیکٹرو بسوں کی آمد نے عوام کو خوش کردیا۔ 212 نئی بسیں مزید 20 اضلاع میں چلائی جائیں گی۔
پنجاب: (رائیٹ ناؤ نیوز) پنجاب کے کئی چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں الیکٹرو بسوں کی آمد پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ بسیں مختلف اضلاع میں نئے روٹس پر چلائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق، پنجاب کے اضلاع خوشاب، خانیوال، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں 9، 9 بسیں چلائی گئی ہیں۔ مزید 14 اضلاع میں جولائی کے آخر تک الیکٹرو بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں 1500 الیکٹرو بسوں کی آمد کا منصوبہ جاری ہے۔ 212 نئی الیکٹرو بسیں پاکستان پہنچی ہیں جو 20 مزید اضلاع میں چلائی جائیں گی۔
یہ الیکٹرو بسیں پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری لائیں گی، جس سے عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولت میسر ہوگی۔ ماڈرن ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب کے 18 اضلاع میں پہلے ہی 400 الیکٹرو بسیں آپریشنل ہیں۔ حکومت کا مقصد پنجاب کے ہر شہر اور قصبے تک الیکٹرو بسیں پہنچانا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔













