جماعت اسلامی نے پیٹرولیم قیمتوں پر معمولی کمی کو عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دے کر ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں صرف 1.97 روپے کی کمی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ کمی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے اور اس پر احتجاج کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے۔
انہوں نے کہا کہ معمولی کمی سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملے گا۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف دینا ضروری ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام لگایا کہ معاشی بوجھ کی اصل وجہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں ہیں۔ حکومت اپنی مالی بدانتظامی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی کرکے عوام کو مکمل ریلیف دیا جائے۔














