افغانستان میں سرکاری دفاتر میں اسمارٹ فونز پر پابندی کے بعد ملازمین کو متبادل رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
کابل: (رائیٹ ناؤ نیوز) افغانستان میں بدھ سے سرکاری ملازمین اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو دفاتر میں اسمارٹ فونز لانے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد دفاتر میں متبادل رابطوں کے ذرائع اپنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
متعدد سرکاری ادارے واٹس ایپ کے بجائے عام موبائل کالز استعمال کرنے لگے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق یہ حکم سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہوا۔
تاہم اس کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔ سرکاری نمائندوں نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
پانچ صوبوں میں آٹھ سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکاروں نے پابندی کی تصدیق کی ہے۔ دایکُندی صوبے کے کمیونیکیشن افسر خالد احمد فاضلی نے بتایا کہ احکامات پر عملدرآمد جاری ہے۔
واضح رہے کہ آن لائن گردش کرنے والے حکم نامے کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے اسمارٹ فون توڑ دیے جائیں گے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔














