حکومت اور پیپلزپارٹی کی آج کی مشاورت بجٹ کے حوالے سے اہم، مرکز نے 1700 ارب روپے صوبوں سے طلب کیے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی بجٹ پر حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان مشاورت آج متوقع ہے۔ صدر آصف زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد حکومتی ٹیم سے ملاقات کرے گا۔
اس ملاقات سے پہلے صدر زرداری پیپلزپارٹی کی ٹیم سے داخلی مشاورت کریں گے جس میں بلاول بھٹو، مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مرکز صوبوں سے 1700 ارب روپے کے فنڈز کا مطالبہ کر رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے اجلاس کے بعد حکومتی ٹیم کے ساتھ ملاقات کا وقت طے ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بجٹ کے لیے ایک نمبر پر بات ہو رہی ہے، جب تک وسائل نہیں ملتے بجٹ تیار کرنے میں مشکل پیش آئے گی۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے خدشات دور نہ کیے جاسکے تو اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ بلاول بھٹو کی اسلام آباد واپسی پر اقتصادی رابطہ کونسل کا اجلاس بھی ہوگا۔













