اسحاق ڈار واشنگٹن کے دورے پر امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، پاک امریکا تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جمعرات کو واشنگٹن کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس دورے کے دوران ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے اس دورے کو اہم قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ اہم عالمی اور علاقائی مسائل کے پس منظر میں ہو رہا ہے، جو پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری کا باعث بن سکتا ہے۔














