بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن بلاجواز مسترد کردی، دیگر جماعتوں کو موقع دیا گیا۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، جو اس بار آزاد کشمیر میں ہوا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں جولائی میں ہونے والے الیکشن کے لیے سیاسی جماعتوں کی نئی رجسٹریشن کی ہدایت دی گئی تھی۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر نے نومبر 2023 میں تمام دستاویزات جمع کروائیں۔
ان کے مطابق پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کی رجسٹریشن مکمل ہوگئی، لیکن پی ٹی آئی کی درخواست کو زیر التوا رکھا گیا۔ 30 ماہ بعد الیکشن کمیشن نے پریس ریلیز کے ذریعے رجسٹریشن سے انکار کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کو آزاد کشمیر الیکشن میں مساوی مواقع دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے سیاسی منظر نامے پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی، جس کے تحت تمام جماعتوں کو رجسٹریشن کے لیے دستاویزات جمع کروانا تھیں۔














