وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کم آمدن طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں یہ بات کہی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ضابطہ کار متعارف کرایا جائے۔
اجلاس کو ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو آسان بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکمت عملی بنانے، اونچی عمارتوں کی حوصلہ افزائی اور ماسٹر ٹاؤن پلاننگ متعارف کرانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔














