پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 160 روپے تک بڑھانے کا ہدف آئی ایم ایف کی شرط ہے۔ موجودہ بحران کے بعد قیمتیں ڈی ریگولیٹ کی جائیں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کے اجلاس کی صدارت عمر فاروق نے کی۔ اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ قطر سے ایل این جی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے اور جہاز کل پاکستان پہنچ جائے گا۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ایل این جی جہاز کی آمد میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا اہم کردار ہے۔ قطر، ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام نے بھی اس جہاز کی آمد کے لیے کوششیں کیں۔
علی پرویز نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ لیوی ہے۔ بجٹ میں آئی ایم ایف سے طے ہوا تھا کہ پیٹرول پر لیوی 80 روپے فی لیٹر چارج کریں گے لیکن مشرق وسطیٰ جنگ کے باعث حالات بدل گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف قسط کی منظوری کے لیے لیوی بڑھانا پڑی۔ آئی ایم ایف کے ہدف کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول پر لیوی 160 روپے تک لے جانا ہے۔ موجودہ بحران سے نکلنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کریں گے۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معاشی صورتحال پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے۔















