صدر زرداری نے معرکہ حق کی سالگرہ پر پاکستان کی استحکام کی علامت بننے کی تعریف کی اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو پاکستان کے خطے میں توازن اور استحکام کا مظہر قرار دیا ہے۔
صدر مملکت نے پاک افواج کی قیادت کو معرکہ حق کی کامیابی کا کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور دشمن کی جارحیت کا متوازن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو آبی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے افغانستان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی زمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں کی ہیں۔ صدر زرداری نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ پاکستانی افواج ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔















