نوشہرہ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے چار افراد جاں بحق، علاقے میں کشیدگی برقرار۔
نوشہرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نوشہرہ کے نظام پور علاقے میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق عطاء اللہ اور صدام گروپوں کے درمیان تنازعہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے دوران پیدا ہوا، جو مسلح جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کےمطابق فائرنگ میں عطاء اللہ گروپ کا 17 سالہ نوجوان مہران اور صدام گروپ کے تین افراد شامل ہیں۔ علاقے میں فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مساجد سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ قریبی تعلیمی اداروں میں بچوں کو حفاظتی طور پر اندر محصور کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پولیس کی بھاری نفری علاقے کی جانب روانہ کر دی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز امن و امان بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔















