آسٹریلیا نے پہلی بار ایک خاتون جنرل کو فوج کی سربراہی دینے کا فیصلہ کیا، جس سے خواتین افسران کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
کینبرا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا کی دفاعی قیادت میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون جنرل کو فوج کی سربراہی سونپنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جو اس وقت جوائنٹ کیپبلٹیز کی سربراہ ہیں، جولائی میں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالیں گی۔ وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی دفاعی نظام میں نئی روایت کا آغاز ہے۔
سوسن کوائل نے 1987 میں فوج میں شمولیت اختیار کی اور اپنے طویل کیریئر کے دوران کئی اہم کمانڈ عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ وہ آسٹریلوی فوج کی کسی بھی شاخ کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
آسٹریلوی ڈیفنس فورس میں خواتین کا مجموعی تناسب قریباً 21 فیصد ہے جبکہ اعلیٰ قیادت میں ان کی نمائندگی ساڑھے 18 فیصد ہے۔ حکومت 2030 تک یہ تناسب 25 فیصد تک بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی فوج میں خواتین افسران کی تعداد بڑھانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور یہ تعیناتی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔











