اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، جن کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جنگ کو روکنا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ ان کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو روکنا اور ایک وسیع تر سیاسی سمجھوتے کی راہ نکالنا ہے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ باضابطہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے دو بنیادی امور پر پیش رفت ضروری ہے۔ تہران لبنان میں جنگ بندی اور ایران پر عائد پابندیوں میں عملی نرمی کو ابتدائی شرط کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
لبنان کا معاملہ مذاکرات کے حساس ترین نکات میں شامل ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملے اسی تنازع کا حصہ ہیں، جبکہ امریکہ اور اسرائیل اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتے۔
ایران اپنے منجمد اثاثوں کی بحالی اور اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔ امریکہ عندیہ دے رہا ہے کہ پابندیوں میں بڑی نرمی صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایران اپنے جوہری اور میزائل پروگرام پر نمایاں رعایت دے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد مذاکرات محض جنگ بندی تک محدود نہیں دکھائی دیتے۔ یہ بات چیت پابندیوں، جوہری پروگرام، میزائل صلاحیت، لبنان، آبنائے ہرمز اور خطے میں طاقت کے توازن جیسے بڑے اور متنازع نکات کے گرد گھوم رہی ہے۔











