وزیراعظم شہباز شریف کاسعودی عرب کے تعلقات پر اظہار اطمینان

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک تعاون بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وزیراعظم شہباز شریف، سعودی عرب کے تعلقات پر اظہار اطمینان

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرِاعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سعودی ولی عہد کی محبت اور اقتصادی معاونت کو سراہا۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ولی عہد کی سرپرستی میں مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ سعودی وزیر خزانہ نے بھی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے سعودی وزیرخزانہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خزانہ نے امریکا ایران مذاکرات کا خیرمقدم کیا جبکہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں