وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی، حکومت 56 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر 95 اور ڈیزل پر 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے، جس کا بوجھ وفاقی حکومت خود اٹھائے گی۔ اس اقدام کا حجم 56 ارب روپے بنتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل 3 ہفتوں میں حکومت 125 ارب روپے کا تاریخی بوجھ اٹھا چکی ہے۔ ان کے مطابق عالمی قیمتوں کے حساب سے پٹرول 544 اور ڈیزل 790 روپے ہونا چاہیے تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے بھی متحرک ہے اور سفارتی سطح پر ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے عوام سے کہا کہ سفر سے پہلے ضرور سوچیں کہ آیا سفر واقعی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے معاشی تحفظ سے زیادہ حکومت کو کوئی چیز عزیز نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی بحران کے باوجود پاکستان نے ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی ہے تاکہ عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سادگی اور کفایت شعاری کی مہم سے عوام کے لیے وسائل فراہم کیے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان سے تفصیلی گفتگو کی ہے اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ان کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اس مفاہمتی عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔















