کراچی میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر حملہ کیا، 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر کراچی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران امریکی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا۔ مظاہرین نے قونصل خانے کے قریب توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، جن میں 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
مظاہرین نے سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی کشیدگی دیکھی گئی۔ نمائش چورنگی، عباس ٹاؤن اور ٹاور پر مظاہرین جمع ہوئے اور نعرے بازی کی۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے بتایا کہ امریکی قونصل خانے کے باہر موجود مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا ہے اور حالات قابو میں ہیں۔ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور علاقے کی نگرانی جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق قونصل خانے کے اطراف ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور کچھ مظاہرین نے پتھراؤ کیا جبکہ فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ لاہور پریس کلب کے سامنے بھی خامنہ ای کی شہادت پر مظاہرہ کیا گیا اور امریکا کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔















