وزارت آبی وسائل نے آئندہ مالی سال کے 976 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ لگایا ہے، جس میں واٹر سیکٹر اور واپڈا کے لیے رقم مختص کی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت آبی وسائل نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 976 ارب روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ یہ بجٹ 64 جاری اور پرانے منصوبوں پر خرچ ہوگا جس میں واٹر سیکٹر کے لیے 641 ارب روپے اور واپڈا کے لیے 341 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت کے حکام نے بتایا کہ چوتھے فلڈ پروٹیکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے پر اراکین کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کے حکام نے بتایا کہ اس پلان کے لیے 194 ارب روپے درکار ہیں، جن میں سے 80 فیصد رقم بیرونی ذرائع سے ملنی ہے جبکہ باقی 20 فیصد صوبوں اور وفاق نے فراہم کرنی ہے۔













