پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میچ میں صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری اور اسپنرز کی عمدہ بولنگ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر 100 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ سلمان آغا نے 38 رنز بنائے۔ آخری 6 اوورز میں پاکستان نے 78 رنز کا اضافہ کیا۔
نمیبیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان طارق نے 4 وکٹیں 16 رنز کے عوض حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز نے بھی اہم اوورز میں دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کے چار رکنی اسپن اٹیک نے میچ کو یکطرفہ کر دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی امریکہ کی اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ پاکستان کو فتح درکار تھی، جو ٹیم نے جامع کارکردگی کے ذریعے حاصل کر لی۔















