الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا، ووٹنگ 24 جنوری 2026 کو ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ووٹنگ 24 جنوری 2026 کو ہوگی۔
شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 15 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے اور ان کی جانچ پڑتال 23 سے 30 دسمبر تک کی جائے گی۔ امیدوار 3 جنوری 2026 تک اپیلیں دائر کر سکیں گے اور انتخابی ٹربیونل ان اپیلوں پر 10 جنوری تک فیصلے کرے گا۔ 11 جنوری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں ہوگی۔
امیدوار 12 جنوری کو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے مجاز ہوں گے جبکہ انتخابی نشانات 13 جنوری تک جاری کیے جائیں گے۔
گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی کر دی گئی ہے۔ گلگت کے لیے امیر حمزہ، اسکردو کے لیے خورشید احمد، دیامر کے لیے سہیل احمد خان اور دیگر اضلاع میں بھی افسران مقرر کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں گے اور تمام اضلاع میں انتخابی انتظامات تیز کر دیے گئے ہیں۔















