امریکا کی وینزویلا کے چھ مزید آئل ٹینکرز پر پابندیاں

امریکا نے وینزویلا کے چھ مزید آئل ٹینکرز پر پابندیاں عائد کر دیں، کشیدگی میں اضافہ۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

وینزویلا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ واشنگٹن نے وینزویلا کے ساحل سے آئل ٹینکر قبضے میں لینے کے ایک دن بعد مزید چھ جہازوں پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد وینزویلا کے خلاف یہ سب سے بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔ واشنگٹن کے مطابق ضبط کیا جانے والا آئل ٹینکر غیر قانونی شپمنٹ میں ملوث تھا اور اب اسے امریکی بندرگاہ منتقل کیا جائے گا۔

کاراکاس نے اس اقدام کو بین الاقوامی سمندری ڈکیتی قرار دیا ہے۔ امریکی پابندیوں کی زد میں صرف آئل ٹینکرز نہیں بلکہ صدر نکولس مادورو کے قریبی رشتہ دار اور کاروباری نیٹ ورک بھی آئے ہیں، جنہیں واشنگٹن غیر قانونی حکومت کا حصہ قرار دیتا ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی جنگی بحری جہاز خطے میں سرگرم ہیں اور منشیات بردار کشتیوں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں، جن میں درجنوں ہلاکتیں ہوئیں۔ امریکا کہتا ہے کہ وہ غیر قانونی منشیات کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے جبکہ وینزویلا کا الزام ہے کہ امریکا اس کے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں