وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 11 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت دی ہے، ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ وسعت دینے کی تاکید کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو 11 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ایف بی آر کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور تمام شعبوں میں مؤثر ٹیکس نفاذ کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ٹیکس محصولات کے اہداف، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکس چوری کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال پر ایف بی آر کی تعریف کی۔
انہوں نے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور صوبائی حکومتوں کو مکمل تعاون کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں تمباکو کے شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ غیر قانونی سگریٹس کی بڑی مقدار قبضے میں لی گئی ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں آبی ذخائر میں اضافے اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔














