امریکی ویزا کے نئے قوانین کے تحت بھارتی امیدواروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پبلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جس سے بھارت میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکہ کے نئے ویزا قوانین کے تحت ایچ ون بی اور ایچ 4 ویزا رکھنے والوں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پبلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جس سے بھارت میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ 15 دسمبر سے نافذ ہونے والے اس قانون نے بھارتی ویزا امیدواروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق، اب ویزا افسران کو امیدواروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لینے کی اجازت ہوگی۔ بھارت کے زیادہ تر ایچ ون بی اور ایچ 4 ہولڈرز اس قانون سے متاثر ہو سکتے ہیں، جن کی ملازمت، رہائش اور بچوں کی تعلیم اسی ویزا پر منحصر ہے۔
امیگریشن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود کوئی بھی مواد، بیانات یا پروفائل میں غلطی اضافی جانچ کا سبب بن سکتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنے عملے کو سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ قانون بھارتی ویزا امیدواروں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں ویزا اپوائنٹمنٹس منسوخ ہوئیں اور کئی افراد مشکلات کا شکار ہیں۔















