چین میں ایک خاتون نے زلزلے میں جان بچانے والے فوجی سے شادی کر لی۔
چانگشا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین میں ایک خاتون نے تباہ کن زلزلے میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے شادی کر لی ہے۔
چین میں ان دنوں ایک منفرد محبت کی کہانی وائرل ہو رہی ہے جس میں بتایا گیا کہ 2008 کے زلزلے میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی۔
یہ کہانی 29 نومبر کو صوبہ ہنان کے شہر چانگشا میں ہونے والی اجتماعی شادی کی تقریب میں سامنے آئی جہاں اس جوڑے سمیت 37 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
2008 میں وینچوان کے زلزلے کے دوران 22 سالہ فوجی لیانگ ژی بن کو ریسکیو مشن کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے 10 سالہ بچی لیو شی مئی کو 4 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے سے زندہ نکالا اور اسپتال پہنچایا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ لیو کے ذہن میں فوجی کی دھندلی یاد باقی تھی، لیکن 2020 میں اپنی ماں کی نشاندہی پر اسی فوجی کو ایک ہوٹل میں پہچان لیا۔ یہاں سے ان کا رابطہ دوبارہ قائم ہوا اور محبت کے بعد شادی تک پہنچ گیا۔















