جزیرہ جرسی میں بزرگوں کے لیے ریموٹ ہیلتھ ایپ متعارف، طبی معاونت میں بہتری کا اقدام۔
جزیرہ جرسی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جزیرہ جرسی میں بزرگ شہریوں اور طبی لحاظ سے کمزور افراد کی گھر بیٹھے دیکھ بھال کے لیے پہلی بار ریموٹ ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ ایپ فیملی نرسنگ اینڈ ہوم کیئر (FNHC) کے تعاون سے بنائی گئی ہے تاکہ بزرگ شہریوں اور دائمی امراض کے شکار افراد کو اسپتال جانے کی ضرورت کم ہو اور ہنگامی صورت حال میں فوری طبی مدد فراہم کی جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق، اس ایپ کے ذریعے مریض گھر بیٹھے اپنی صحت کے اہم پیرامیٹرز جیسے بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور خون میں آکسیجن کی سطح نرسوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ فیملی نرسنگ اینڈ ہوم کیئر کی چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے مریض اور ان کے اہل خانہ اپنی صحت کی بہتر نگرانی کر سکیں گے اور طبی عملے پر بھی بوجھ کم ہوگا۔
اس منصوبے کے لیے £800,000 کیئر ٹیک گرانٹ فراہم کی گئی ہے، جس نے جرسی کے ہوم کیئر ڈیجیٹل نظام کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مقامی صحت حکام اور فیملی نرسنگ اینڈ ہوم کیئر نے مستقبل میں مزید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز متعارف کرانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاکہ شہریوں کو مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کے شعبے میں انقلاب اور شہریوں کی زندگی کو محفوظ و آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔















