اسلام آباد میں دو روزہ ٹریفک ایڈوائزری جاری، متبادل راستے تجویز

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دو روزہ ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، شہریوں کو متبادل راستوں کی تجویز دی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 8 دسمبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور 9 دسمبر کو رات 9 بجے سے 10 بجے تک ٹریفک کی غیر معمولی صورتحال کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ان اوقات میں غیر ضروری سفر سے بچنے، متبادل راستے استعمال کرنے اور پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے۔ رش کے مقامات میں فیصل ایونیو، اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے شامل ہیں۔

ریڈ زون میں داخلے کے لیے ایکسپریس چوک اور میریٹ گیٹ بند کر دیے گئے ہیں جبکہ سرینا روڈ، نادرا روڈ یا مارگلہ روڈ کو متبادل راستے کے طور پر اختیار کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

انڈونیشیا کے صدر کے دو روزہ دورے کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے مختلف سمتوں سے آنے والے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں۔

راولپنڈی سے آنے والے شہری راول روڈ، نائنٹھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ یا سری نگر ہائی وے استعمال کر سکتے ہیں جبکہ مری یا بھارہ کہو سے آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالا روٹ، پارک روڈ یا لہترڑ روڈ اختیار کر سکتے ہیں۔

افسران اہم مقامات پر تعینات رہیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو معاونت فراہم کی جا سکے۔ شہری آئی ٹی پی ریڈیو 92.4 ایف ایم اور اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہ سکتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں