وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور این ایف سی ایوارڈز کا پورا حصہ نہیں دیا جا رہا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ بطور وزیراعلیٰ ناانصافی ہو رہی ہے اور ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی سازشیں جاری ہیں اور این ایف سی ایوارڈز کا پورا حصہ بھی نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 4 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں صوبے کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ این ایف سی کا شیئر خیبرپختونخوا کو پورا تقسیم نہیں ہو رہا، گزشتہ 7 سال میں ایک ہزار 350 ارب روپے خیبرپختونخوا کو نہیں دیے گئے۔ این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے پیر کو یونیورسٹیز میں سیمینار ہوں گے اور خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ این ایف سی پر تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ایک ہو اور پرامن احتجاج انصاف کے حصول کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کارکردگی کی وجہ سے ہی تیسری مرتبہ صوبے میں ہماری حکومت ہے۔












