ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا، مادورو حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے اوپر اور اس کے اردگرد کا فضائی علاقہ مکمل طور پر بند تصور کیا جائے۔ یہ اعلان واشنگٹن کی جانب سے صدر نکولس مادورو کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے دوران سامنے آیا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایئرلائنز، پائلٹس، منشیات فروشوں اور انسانی اسمگلروں کے لیے پیغام ہے کہ وینزویلا کی فضائی حدود مکمل طور پر بند سمجھیں۔
امریکی حکام نے کہا کہ کیریبین سمندر میں فوج کی تعیناتی کا مقصد سمندری راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ روکنا ہے، جبکہ وینزویلا نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان اقدامات کا مقصد حکومت کا تختہ الٹنا ہو سکتا ہے۔
وینزویلا کی حکومت نے اس اعلان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ امریکی حکام نے کہا کہ وینزویلا پر نو فلائی زون عائد کرنے کے لیے بھاری وسائل اور منصوبہ بندی درکار ہوگی۔
ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا کے خلاف مختلف اقدامات پر غور کرتی رہی ہے، جبکہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ان الزامات کی تردید کی کہ وہ منشیات کی ترسیل میں ملوث ہیں۔















