سرکاری محکموں کے ذمہ بجلی بلوں کی واجب الادا رقم پونے 3 کھرب تک پہنچ گئی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رقم شامل۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بجلی بلوں کی مد میں وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر سرکاری محکموں کے ذمہ واجب الادا رقم پونے 3 کھرب تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کے ذمہ ایک کھرب 26 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں اور ان کے اداروں کو ایک کھرب 43 ارب 87 کروڑ 30 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر یہ رقم 2 کھرب 70 ارب 18 کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔
وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 31 اگست 2025 تک وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کے ذمہ 36 ارب 40 کروڑ 40 لاکھ روپے، آزاد جموں و کشمیر کے ذمہ 63 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے، خود مختار اداروں کے ذمہ 19 ارب 96 کروڑ 40 لاکھ روپے، مقامی اداروں کے ذمہ 6 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ صوبائی حکومت اور اس کے محکموں کے ذمہ 68 ارب 32 کروڑ روپے ہیں۔
خود مختار اداروں کے ذمہ 20 ارب 64 کروڑ 70 لاکھ روپے، مقامی اداروں کے ذمہ 7 ارب 30 کروڑ 80 لاکھ روپے، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے 12 ارب 30 کروڑ 60 لاکھ روپے اور ٹی ایم اے نے 12 ارب 29 کروڑ 20 لاکھ روپے بجلی بلوں کی مد میں ادا کرنے ہیں۔















