کراچی میں ٹریفک چالان کی رقم کم کرنے کا اپوزیشن کا مطالبہ، وزیر قانون کا جواب۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کی رقم کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کراچی سے 70 کروڑ روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے جا چکے ہیں، چالان کی رقم کم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کراچی میں تو کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، مگر دیگر شہروں میں کیوں نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے تجویز دی کہ چالان کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے اور وزیر قانون سے درخواست کی کہ جرمانے کم کیے جائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو لوٹتے ہیں۔
وزیر قانون ضیا لنجار نے کہا کہ کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا ٹریفک نظام 20 فیصد بھی درست نہیں ہوا اور اس کی بہتری کے لیے اپوزیشن اور عوام کا تعاون چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرمانے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز پر اپوزیشن لیڈر کے الزامات نامناسب ہیں اور ان کے تحفظات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے پنجاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی جرمانوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور قانون کی بالادستی کے لیے تعاون کی اپیل کی۔















