لاہور کی پانچ سڑکوں پر چنگ چی رکشوں کی مکمل پابندی

لاہور میں پانچ سڑکوں پر چنگ چی رکشوں کی پابندی، ٹریفک بہتری کے لیے اہم اقدامات۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کی پانچ اہم سڑکوں پر چنگ چی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری ہو سکے۔ اس اقدام کا مقصد سفر کو محفوظ اور منظم بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس میں ٹریفک کے جدید نظام کی منصوبہ بندی، روڈ سیفٹی اور نظم و نسق پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑیوں کو بھاری جرمانہ ہوگا جبکہ بار بار چالان ہونے والی گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ون وے کی خلاف ورزی کے خاتمے کے لیے 30 دن کی مہلت دی جائے گی، اور یوٹرن کی ری ماڈلنگ کے ذریعے سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ حادثات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو فوری دیت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

فیصلہ کیا گیا کہ مناسب پارکنگ نہ ہونے پر میرج ہالز کو بند کیا جائے گا اور انڈر ایج ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں گاڑی مالک کو 6 ماہ تک قید کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں بسوں کی چھت پر سواریاں ختم کرنے کی ہدایت دی ہے اور لاہور میں ٹریفک کی بہتری کے لیے 30 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں