لاہور میں پولیس افسران کے لیے گرین سگنل پروٹوکول ختم کر دیا گیا، سی ٹی او اطہر وحید کے مطابق پولیس افسران کو اب معمول کے مطابق سگنل پر رکنا ہوگا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں پولیس افسران کے لیے گرین سگنل پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سی ٹی او اطہر وحید نے کہا ہے کہ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز کو ٹریفک سگنل پر رکنا ہوگا اور کسی بھی پولیس افسر کے لیے ملحقہ روٹس کی ٹریفک نہیں روکی جائے گی۔ پولیس افسران کو معمول کے مطابق گرین سگنل فالو کرنا ہوگا اور سرکاری گاڑیوں کے سگنل کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری ہوگا۔ اب تک 55 سرکاری محکموں کی گاڑیوں سے 1282 ای چالان ریکور کیے گئے ہیں اور ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے متعلقہ سرکل افسران کو پیغام بھجوا دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کی موومنٹ کے دوران غیر معمولی روٹ فراہم کیا جائے گا جبکہ پولیس افسران کی نقل و حرکت کے دوران کال چلنے پر سگنل فری روٹ دیا جاتا تھا۔













