دبئی ویزا درخواستوں میں پاکستانیوں کی بڑھتی مشکلات

پاکستانی شہریوں کی دبئی ویزا درخواستوں میں بڑھتے انکار نے مسافروں کو مشکلات میں ڈال دیا، مختلف وجوہات سے ویزا مسترد ہو رہا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی شہریوں کی دبئی کے ویزا درخواستوں میں بڑھتے انکار نے مسافروں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق پہلی بار اور سنگل انٹری درخواستوں میں انکار کی شرح 70 سے 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ خاندان کے ذریعے اسپانسرشپ رکھنے والوں کو زیادہ امکانات حاصل ہیں۔

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بتایا گیا کہ ویزا جاری نہ ہونے کی وجہ بعض پاکستانی شہریوں کے مجرمانہ سرگرمیوں میں پھنسنے کے خدشات ہیں۔ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر سمینہ ممتاز زہری کے مطابق حالیہ مہینوں میں بہت کم ویزے جاری ہوئے اور وہ بھی مشکل مراحل کے بعد۔

سابق پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بھی رواں سال ویزا مسترد ہونے کے بڑھتے رجحان کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اماراتی حکام دستاویزات کی صداقت، تعلیم کے سرٹیفیکیٹس اور بعض درخواست گزاروں کے ریکارڈ کی بنیاد پر اعتراضات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب AI پر مبنی تصدیقی نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔

رواں برس اپریل میں اماراتی سفیر نے مسئلہ حل ہونے اور پانچ سالہ ویزے کی دستیابی کا اعلان کیا تھا، تاہم جولائی میں دوبارہ شکایات سامنے آئیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اماراتی وزیر داخلہ سے ملاقات میں معاملہ اٹھایا جس پر تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، مگر مسائل برقرار رہے۔

ٹریول ایجنٹس کے مطابق دبئی کے لئے پہلے ویزا کی کامیابی کی شرح انتہائی کم ہو گئی ہے۔ بعض ایجنٹس نے بتایا کہ چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ میں تقریباً 3 کروڑ روپے دکھانا ویزا کے امکانات بڑھا دیتا ہے، جبکہ مبہم مالی دستاویزات اور ماضی میں اوور اسٹے مسترد ہونے کی بڑی وجہ ہیں۔

ادھر اماراتی سفارتخانے کے ایک سینئر سفارتکار نے ویزا پابندی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی باضابطہ پابندی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض پاکستانی ایجنٹس کی جانب سے ڈیٹا میں ردو بدل کے بعد مرکزی ویزا نظام نافذ کیا گیا ہے اور سفارتخانے میں بائیومیٹرک ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔

سفارتکار کے مطابق امارات میں مقیم 2.27 ملین پاکستانی اپنے خاندانوں کو اسپانسر کر سکتے ہیں، تاہم جعلی دستاویزات یا غلط ریکارڈ والے شہریوں کو پہلے اپنا ڈیٹا درست کروانا ہوگا۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق پاکستان میں قائم نئے UAE ویزا سینٹر میں یومیہ تقریباً 500 ویزے پراسیس کیے جا رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں