امریکی نکات یوکرین معاہدے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔روسی صدر

روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ امریکی نکات یوکرین معاہدے کی بنیاد بن سکتے ہیں، کچھ معاملات پر سنجیدہ بات چیت کی ضرورت ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے یوکرین سے متعلق پیش کیے گئے نکات مستقبل کے ممکنہ معاہدوں کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔

پیوٹن نے بتایا کہ امریکی فریق نے بعض معاملات میں روس کے مؤقف کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ یہ امور اگست میں ریاست الاسکا میں پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے پہلے اور بعد ہونے والی گفتگو میں شامل تھے۔

پیوٹن نے مزید کہا کہ کچھ معاملات پر سنجیدہ سطح پر بات چیت کی ضرورت ہے اور ان نکات کو سفارتی زبان میں وضع کرنا ہوگا تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل واضح ہو سکے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ امریکہ کا 28 نکاتی امن منصوبہ باضابطہ ذرائع کے ذریعے روس کو موصول ہو چکا ہے اور روسی حکام اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ منصوبہ گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جنیوا میں اتوار کے روز امریکہ، یوکرین اور یورپی ممالک کے نمائندوں نے اس امریکی منصوبے پر بات چیت کی، جس کے بعد نکات کم کر کے 19 کر دیے گئے ہیں، تاہم منصوبہ تاحال منظر عام پر نہیں لایا گیا۔

دیگر متعلقہ خبریں