پاکستان ریلویز نے مزید 11 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا اعلان کیا ہے، نیلامی 3 دسمبر کو ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
پاکستان ریلویز نے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مزید 11 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرینوں کی اوپن نیلامی 3 دسمبر کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگی۔
ریلوے انتظامیہ نے جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے لیے نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں نے اپنی دستاویزات پہلے ہی جمع کرا دی ہیں۔
دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد، 3 دسمبر کو اوپن بولی کا انعقاد ہوگا، جہاں سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی کو ٹرین کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
آؤٹ سورس ہونے والی ٹرینوں میں ہزارہ ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بہاالدین زکریہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس، راوی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، فیض احمد فیض پسنجر اور منجو دوڑو پسنجر شامل ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریلوے انتظامیہ پہلے ہی 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کر چکی ہے، جن میں شالیمار اور پاک بزنس ٹرینیں شامل ہیں۔















