وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ٹاپ لیول پر کرپشن ممکن نہیں، اور احتساب کی غیر موجودگی میں سرکاری کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگرچہ نچلے لیول پر کرپشن مکمل کنٹرول میں نہیں، مگر ٹاپ لیول پر کرپشن ممکن نہیں۔
27 ویں نیشنل ڈیفنس سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی، اور سیاسی بنیاد پر کوئی بھرتی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ثابت کردے کہ میں نے کسی کی سفارش کی ہے تو میں استعفیٰ دے دوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں کھربوں روپے کے پروجیکٹس چل رہے ہیں لیکن کرپشن کی کوئی شکایت نہیں ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والوں کی اہلیہ بھی مانتی ہیں کہ پنجاب محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جلسوں میں رکیک جملے کہے گئے اور والد کے ساتھ کھڑے ہونے پر جیل میں ڈالی گئی، مگر آج مکافات عمل کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اخلاقیات کا معیار مقرر کرنا چاہیے اور الزام لگانے والوں کو اسے ثابت بھی کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم مسائل پیدا کرتی ہے، اور احتساب کی عدم موجودگی میں سرکاری کارکردگی صفر ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال میں پنجاب کرپشن فری ہوگا۔















