کراچی میں چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹ چھپانے پر ایف آئی آر کی دھمکی، ای چالان جرمانوں میں کمی کی مخالفت۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی ٹریفک کے ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹ چھپانے والے شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، جبکہ ای چالان کے جرمانے میں کمی کو زیادتی قرار دیا ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ٹرانسپورٹ کی انجینئرنگ کی جائے گی، اور اس کمپنی کا چیف ایگزیکٹو ٹریفک مینیجمینٹ میں پی ایچ ڈی یا ماسٹرز ہونا چاہیے۔
پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ای چالان کے نفاذ سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے، اور ہیوی گاڑیوں میں ٹریکر لگانے کی قانونی پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈمپروں کی فٹنس اور ٹریکنگ کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمانوں میں کمی قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کے ساتھ زیادتی ہوگی، اور شاہراہ فیصل پر رفتار کی معیاری حد 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ دسمبر سے شارع فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے بائیک لین کا نفاذ ہوگا۔














