بنگلادیش کی عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو انسانیت کے خلاف جرائم کیس میں سزائے موت سنادی ہے۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلادیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل-1 نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں سزائے موت سنادی ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ سال جولائی کی بغاوت کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سنایا گیا۔
اس مقدمے میں سابق وزیر داخلہ اسد الزماں خان کمال اور سابق انسپکٹر جنرل پولیس چودھری عبداللہ المامون کو بھی شریک جرم نامزد کیا گیا ہے۔ اسد الزماں مفرور ہیں جبکہ عبداللہ المامون زیر حراست ہیں اور انہوں نے اعتراف جرم بھی کیا ہے۔
فیصلہ جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی ٹریبونل نے 453 صفحات پر مشتمل فیصلے کا حصہ پڑھنے کے بعد سنایا۔ ٹریبونل نے شیخ حسینہ کو بھارت سے واپس آکر ٹرائل میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔
استغاثہ نے ٹریبونل سے مطالبہ کیا ہے کہ تینوں مجرمان کے اثاثے ضبط کر کے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں۔















