اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان، دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو دونوں ممالک کے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔ شاہ عبداللہ دوم وزیرِ اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر وصول کریں گے اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔














