کراچی ٹریفک پولیس نے بغیر ٹریکر ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بغیر ٹریکر ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام ٹریفک قوانین کے نفاذ اور بھاری گاڑیوں کی نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر صرف وہی بھاری گاڑیاں چل سکیں گی جن میں جدید ٹریکر نصب ہوگا، جس کا کنٹرول براہ راست ٹریفک پولیس کے پاس ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور بھاری گاڑیوں کی لاپرواہ ڈرائیونگ کو روکنا ہے۔
ماضی میں کئی حادثات میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے سبب قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے نگرانی کے لیے ٹریکر سسٹم کو لازم قرار دیا ہے۔ اس سے گاڑیوں کی رفتار اور روٹ کی مسلسل مانیٹرنگ ممکن ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے گی۔
ٹریفک پولیس نے مالکان اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت میں اپنی گاڑیوں پر ٹریکرز نصب کرائیں، بصورت دیگر ان کا شہر میں داخلہ روک دیا جائے گا۔ یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کا نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔













