صدر زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر کہا کہ عزت، مساوات اور انصاف ریاست کی اولین ترجیح ہے اور حکومت انسانی حقوق کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام انسانی وقار اور احترامِ انسانیت پر زور دیتا ہے جبکہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز آزادی اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
صدرِ مملکت نے حکومت کی انسانی حقوق کے فروغ کے لئے عزم کا اعادہ کیا اور کمزور و پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے مزید مؤثر اقدامات کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ریاستی ذمہ داری قرار دیا جبکہ برداشت، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ماحول کو وقت کی ضرورت بتایا۔
انہوں نے سول سوسائٹی اور اداروں کے مشترکہ اقدار کے تحفظ میں اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کے فروغ کے لئے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ صدر نے اقوام متحدہ کو اس دن کے عالمی اہتمام پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہر پاکستانی کو خوف، جبر اور امتیاز سے پاک زندگی ملنی چاہیے۔















