نیٹ میٹرنگ درخواستوں کے حل کے لیے حکومت نے براہ راست رابطہ شروع کر دیا ہے، 11 ہزار 695 کیسز حل ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری کی ہدایات پر 11 ہزار 695 نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل کر دی گئیں۔ حل شدہ کیسز کے صارفین سے براہ راست رابطہ شروع کر دیا گیا ہے۔
نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے دوران 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التواء تھیں۔ پی آئی ٹی سی 11 ہزار 695 صارفین سے میسج، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے رابطہ کر رہا ہے۔
صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ نیٹ میٹرنگ درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی فرد کو فیس ادا نہ کریں۔ حکومت براہ راست رابطے کے ذریعے صارفین کے مسائل حل کر رہی ہے۔
4 ہزار 959 درخواستوں کی تصدیق و توثیق جاری ہے تاکہ جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام کی جا سکے۔
واضح رہے کہ حکومت قابل تجدید توانائی کے فروغ کی حامی ہے اور سولرائزیشن کو ملک کے توانائی کے مستقبل کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔ اویس لغاری نے باقی درخواستوں کی جلد جانچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔












