قومی اسمبلی کی کمیٹی نے اسمارٹ فونز پر ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا، چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ صرف 6 فیصد مہنگے موبائل درآمد ہوتے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ نے اسمارٹ فونز پر عائد ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت اجلاس میں ٹیکس تنازعات کے حل کے لیے متبادل طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
سید نوید قمر نے کہا کہ ایف بی آر گاڑیوں کے بعد موبائل فونز پر بھی بے تحاشہ ٹیکس عائد کر رہا ہے اور اسمارٹ فون اب لگژری نہیں بلکہ ضرورت بن چکا ہے۔
رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے ایف بی آر کی موبائل فونز کی مارکیٹ ویلیو ایشن کو زیادہ قرار دیا۔ ٹیکس حکام نے جواب دیا کہ موبائل فونز کی قیمت پر ٹیکس عائد ہوتا ہے، ماڈل پر نہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ پاکستان میں صرف 6 فیصد مہنگے موبائل فون درآمد کیے جاتے ہیں۔














