ابھینندن ورتھمان نے بھارتی ایئر فورس سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے کر فلائی نائنٹی ون ایئر لائن میں شمولیت اختیار کر لی۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بھارتی ایئر فورس کے سابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے نجی ایئر لائن میں بطور پائلٹ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ 2019 میں پاکستانی ایئر فورس کے ہاتھوں شکست اٹھانے کے بعد ابھینندن نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لی تھی۔
ابھینندن نے مارچ میں بھارتی ایئر فورس سے ریٹائرمنٹ لی اور اگست میں فلائی نائنٹی ون (FLY91) نامی نجی ایئر لائن میں شامل ہوئے۔ ایئر لائن نے ان کے عہدے یا پروازوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
ایئر لائن کے ترجمان نے ملازمین کی ذاتی معلومات کو نجی معاملہ قرار دیتے ہوئے مزید تبصرے سے معذرت کی ہے۔ ابھینندن کی ملازمت نے ان کے عسکری کیریئر کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 کے پاک بھارت فضائی معرکے میں ابھینندن کا مگ 21 بائسن طیارہ پاکستانی ایئر فورس نے تباہ کیا تھا۔ انہیں پاکستانی حدود میں اترنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام نے ابھینندن کو ویر چکر سے نوازا تھا، جبکہ پاکستان اور بین الاقوامی ذرائع نے ایف 16 طیارہ گرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کیا تھا۔












