چین نے بیرون ملک منتقل کی گئی رقم پر 20 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد مالی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناؤ نیوز) چین نے اپنے شہریوں کی بیرون ملک منتقل کی گئی رقم پر 20 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان چینی وزارت خزانہ اور ٹیکس حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ٹیکس کی تفصیلات ظاہر کرنے اور ادائیگی کے لیے 90 دن کی مہلت دی ہے۔ اس ٹیکس میں 2023 سے منتقل کیے گئے آف شور ٹرسٹس کے اثاثے بھی شامل ہوں گے۔
چینی وزارت نے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک منتقل کی گئی رقم کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ مزید یہ کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ چین کے مالدار افراد کی جانب سے ہانگ کانگ اور سنگاپور میں بڑے پیمانے پر اثاثے منتقل کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں چین کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ چین سے اربوں ڈالر کے اثاثے بیرون ملک منتقل کیے گئے ہیں، جن کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔













