متحدہ عرب امارات میں رمضان 2027 کا پہلا روزہ 8 فروری کو متوقع ہے، چاند کی رویت اہم ہوگی۔
دبئی: (رائیٹ ناؤنیوز) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 1448 ہجری کے آغاز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق امارات میں پہلا روزہ پیر 8 فروری 2027 کو ہونے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہفتہ 6 فروری کو عالمی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 56 منٹ پر ہوگی۔ فلکیاتی حسابات کے مطابق چاند کی رویت کا جائزہ 6 اور 7 فروری کو لیا جائے گا۔
اگر سرکاری مذہبی کیلنڈر بھی فلکیاتی حسابات کے مطابق رہا تو اماراتی شہری 8 فروری سے روزے رکھیں گے۔ پہلے سے مرتب ہجری کیلنڈر کے مطابق بھی رمضان کا آغاز 8 فروری سے متوقع ہے۔
رمضان المبارک اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے جس میں مسلمان روزہ رکھتے ہیں۔ رمضان کے آغاز کا انحصار چاند کی رویت پر ہوتا ہے، اس لیے مختلف ممالک میں تاریخ مختلف ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران طلوع فجر سے غروب آفتاب تک روزے رکھے جاتے ہیں اور یہ مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بے حد اہم ہوتا ہے۔













