سندھ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن و ٹیکس مراعات میں مزید 2 سال کی توسیع کردی ہے، جس سے ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس میں رعایت کا پیکج منظور کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔ مراعات کے تسلسل سے صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق غیرتجارتی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس اور رجسٹریشن مراعات میں مزید 2 سال کی توسیع کی گئی ہے۔ یہ مراعات 29 مئی 2028 تک جاری رہیں گی۔
الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے اور موٹر سائیکلوں پر 500 روپے تاحیات ٹیکس عائد ہوگا۔ 2000 سی سی یا اس سے زائد انجن کی گاڑیوں پر 5 ہزار روپے لگژری ٹیکس ہوگا۔
واضح رہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے مراعات کا اطلاق 30 مئی 2026 سے 29 مئی 2028 تک ہوگا، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔












