آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے نے حکومت سے براہ راست جی ٹو جی ٹھیکوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا، نجی شعبے کے مواقع محدود ہونے کی شکایت کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جی ٹو جی براہ راست ٹھیکوں کا سلسلہ ختم کرے۔ یہ مطالبہ ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے کیا ہے تاکہ نجی شعبہ متاثر نہ ہو۔
ایسوسی ایشن نے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004 کی شق 42(f) ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ براہ راست ٹھیکوں سے نجی شعبہ متاثر ہو رہا ہے اور انہیں مواقع محدود ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کو خط لکھ کر جی ٹو جی معاہدوں کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ معاہدے نجی کمپنیوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کو ترجیحی معاہدے ملنے سے نجی شعبے میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔ جی ٹو جی منصوبوں کی عدم مسابقت سے کارکردگی اور جدت متاثر ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ نجی شعبے نے حکومت سے شفاف اور مسابقتی عمل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مقامی ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات کی ترقی متاثر نہ ہو۔















