پمز میں افسران کی معطلی کے بعد نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر محمد سلمان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا ہے، جس کا مقصد اسپتال کی انتظامی بہتری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پمز اسپتال میں تحقیقاتی رپورٹ کے بعد معطل افسران کی جگہ نئی تعیناتیاں کی گئیں ہیں۔ ڈاکٹر محمد سلمان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو 120 روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ڈاکٹر محمد سلمان کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جو تین سال یا مستقل افسر کی دستیابی تک اس عہدے پر رہیں گے۔
جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نان میڈیکل چودھری وارث علی رضا سمیت دیگر افسران بھی معطل کیے گئے ہیں۔ ان کی جگہ ڈاکٹر الطاف حسین اور دیگر افسران کو اضافی چارج دیا گیا ہے۔
پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعات کے باعث انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر محمد سلمان نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں پمز کے ساتھ این آئی ایچ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔












